کراچی میں تیز رفتار بس شہریوں پر چڑھ گئی، خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ڈرائیور فرار، ہول ناک واقعے دیکھ کر موقع پر موجود راہ گیروں کی چیخیں نکل گئیں
ZANJANI NEWS

کراچی(زنجانی نیوز) شرافی گوٹھ کے علاقے فیوچر موڑ کے قریب تیز رفتار بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر فٹ پاتھ پر چڑھ دوڑی جس کے باعث خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ڈرائیور فرار ہوگیا۔ایس ایچ او شرافی گوٹھ عدیل شاہ کے مطابق ہفتے کی صبح تقریبا ساڑھے سات بجے کے علاقے فیوچر موڑ بس اسٹاپ پر مسافر کھڑے ہوئے اپنی بس کا انتظار کررہے تھے کہ اس دوران فیوچر موڑ سے مرتضی چورنگی جانے والی تیز رفتار بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر فٹ پاتھ پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے اور ڈرائیور بس چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ہول ناک واقعے دیکھ کر موقع پر موجود راہگیروں کی چیخیں نکل گئیں، حادثے پر موجود راہ گیروں نے زخمیوں کو بس کے نیچے سے نکالا اس دوران ایدھی ایمبولینسز زخمیوں کو جناح اسپتال پہنچا رہی تھیں کہ خاتون سمیت 3 زخمیوں نے راستے میں ہی دم توڑ دیا، خاتون سمیت 2 زخمیوں کو ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی نے دم توڑ دیا جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 4 ہوگئی۔ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ حادثے کے بعد علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگیا، زخمی خاتون شبنم کی حالت تشویش ناک ہے، 4 لاشوں کو پوسٹ مارٹم کرانے اور قانونی کارروائی کے ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے، جاں بحق افراد میں بلقیس، عبدالقادر، جان ابراہیم اور قادر بخش شامل ہیں۔پولیس کے مطابق چاروں افراد فیوچر کالونی کے رہائشی اور ایک فیکٹری میں کام کرتے تھے، ہفتے کو فیکٹری جانے کے لیے بس اسٹاپ پر کھڑے تھے کہ یہ حادثہ ہوگیا، حادثے کی ذمہ دار بس بھی ایک کمپنی میں پک اینڈ ڈراپ کا کام کرتی ہے، واقعے کا مقدمہ درج کرکے مالک اور ڈرائیور کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *